ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا وائرس: جانچ کی قیمتوں میں یکسانیت سمیت سپریم کورٹ نے جاری کیں متعدد رہنما ہدایات

کورونا وائرس: جانچ کی قیمتوں میں یکسانیت سمیت سپریم کورٹ نے جاری کیں متعدد رہنما ہدایات

Fri, 19 Jun 2020 23:25:16    S.O. News Service

نئی دہلی،19؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کی بد نظمی اور مرنے والوں کی لاشوں کے ساتھ بد سلوکی کے ازخود نوٹس لیے گئے معاملے میں آج سماعت کرتے ہوئے تمام ریاستوں میں جانچ کی قیمتوں میں یکسانیت سمیت متعدد رہنما ہدایات جاری کیں۔

جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ ماہرین کی ٹیم کو اسپتالوں کا دورہ کرنا چاہئے اور وہاں ضروری بندوبست کیلئے اقدامات کرنے چاہئيں۔

عدالت عظمی نے کورونا وائرس کے مریضوں کی نگہداشت، مرنے والوں کی لاشوں کی دیکھ بھال اور ان کو سنبھالنے میں خامیوں کو دور کرنے، تمام وارڈوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے، وائرس کی جانچ کی مناسب قیمت طے کرنے اور ملک بھر میں اس سلسلے میں یکسانیت لانے کی ہدایت دی۔

بنچ نے کہا کہ کووڈ-19 کے ٹیسٹ کی قیمت پورے ملک میں یکساں ہونی چاہئے۔ یہ کہیں 2200 روپے اور کہیں 4500 روپے ہے۔ عدالت عظمی نے دہلی حکومت سے پوچھا کہ ٹراما سنٹر کی تعمیر کے لئے پانچ سال قبل ملنے والے 60 کروڑ روپے آج تک کیوں استعمال نہیں ہوئے ہیں؟

عدالت عظمی نے مہاراشٹر حکومت کے اس حکم پر برہمی کا اظہار کیا جس کے بموجب مریضوں یا ان کے لواحقین کو کورونا کی مثبت رپورٹ نہیں مل سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ مریضوں اور لواحقین کو یہ رپورٹیں وقت پر ملنی چاہئیں۔ عدالت نے مہاراشٹر حکومت سے اپنے حکم پر نظرثانی کرنے کو کہا۔

قابل ذکر ہے کہ عدالت عظمی ازخود نوٹس لیتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں ہونے والی خامی اور بد نظمی کے معاملے میں مرکزی حکومت کے ساتھ دہلی، مہاراشٹرا ، گجرات ، تمل ناڈو اور پی بنگال کو نوٹس جاری کیا تھا۔ عدالت نے آج تمام ریاستوں کے جوابات سننے کے بعد کہا کہ اس سلسلے میں تفصیلی حکم ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔


Share: